شرد پوار جیتے جی بی جے پی سے ہاتھ نہیں ملائیں گے: سنجے راوت
- Home
- شرد پوار جیتے جی بی جے پی سے ہاتھ نہیں ملائیں گے: سنجے راوت
شرد پوار جیتے جی بی جے پی سے ہاتھ نہیں ملائیں گے: سنجے راوت
شیوسینا کے ادھو بالاصاحب ٹھاکرے دھڑے کے رہنما اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سنجے راوت نے دعویٰ کیا ہے کہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدر شرد پوار اپنی زندگی میں بھارتیہ جنتا پارٹی سے ہاتھ نہیں ملائیں گے۔
ممبئی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے سنجے راوت نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اپوزیشن اتحاد ‘انڈیا’ کے وزیر اعظم اگلے سال 2024 میں لال قلعہ پر قومی پرچم لہرائیں گے اور ملک اس اچھے وقت کا انتظار کر رہا ہے۔
سنجے راوت نے کہا، “مجھے نہیں لگتا کہ شرد پوار جیتے جی بی جے پی سے ہاتھ ملائیں گے، وہ اپنی پارٹی کی تنظیم نو کر رہے ہیں۔
شرد پوار کی پارٹی مہاراشٹر میں اپوزیشن کانگریس اور شیوسینا (یو بی ٹی) کی اتحادی ہے۔
ہفتے کے روز شرد پوار اور ان کے بھتیجے، ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے درمیان پونے میں ایک تاجر کے گھر ملاقات ہوئی، جس کے بعد سیاسی حلقوں میں بہت سی باتیں کہی اور سنی جا رہی ہیں۔
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا اجیت پوار نے اس میٹنگ کے دوران شرد پوار کو کوئی پیشکش کی تھی، سنجے راوت نے جواب دیا، ”اجیت پوار کب سے اتنے بڑے ہو گئے کہ انہوں نے شرد پوار کو کوئی پیشکش کرنا شروع کر دی۔
سنجے راوت نے مزید کہا، “شرد پوار ہی ہیں جنہوں نے اجیت پوار کی پرورش کی۔ شرد پوار چار بار ریاست کے وزیر اعلیٰ رہ چکے ہیں اور کئی بار مرکزی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔”
سنجے راوت کا یہ تبصرہ شیو سینا (یو بی ٹی) کے ترجمان ‘سامنا’ کے ایک اداریے کے شائع ہونے کے بعد آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ شرد پوار اور اجیت پوار کے درمیان اکثر ملاقاتوں کی وجہ سے شرد پوار کی شبیہ کو داغدار کیا جا رہا ہے۔
‘سامنا’ کے اداریہ میں اس بات پر بھی حیرت کا اظہار کیا گیا ہے کہ اجیت پوار اپنے چچا سے مسلسل مل رہے ہیں اور شرد پوار بھی اس سے گریز نہیں کر رہے ہیں۔
- Share